زندگی میں خوش رہنے کے لئے یہ 2چیزیں پیسے سے بھی زیادہ ضروری ہیں، سائنسدانوں نے خوشی کا راز بتادیا

اس دنیا میں کون ہے جو پیسے کا طلبگار نہیں، بلکہ یوں کہئیے کہ ہم میں سے اکثر کے شب و روز پیسے کے گرد ہی گھومتے ہیں، لیکن کیوں؟ شاید اس لئے کہ پیسہ ہی زندگی کی خوشیوں کی ضمانت ہے؟سنا تو یہی ہے کہ جس کے پاس دولت ہے اس کے پاس سب کچھ ہے، لیکن کیا واقعی ایسا ہے؟ کیا انسان کی خوشی کے لئے پیسہ ہی سب سے اہم
چیز ہے؟آکسفرڈ نیشنل سنٹر فار اکنامکس اینڈ سوشل ریسرچ کے سائنسدانوں نے اس سوال کا جواب جاننے کے لئے ایک تحقیق کی، اور نتائج واقعی توجہ کے لائق ہیں۔اس تحقیقاتی سروے میں 8250 افراد کے سامنے 60 سوالات پر مبنی سوالنامہ رکھا گیا تا کہ معلوم کیا جا سکے کہ زندگی میں خوشی کے لئے ان کے نزدیک سب سے اہم کیا چیزیں ہیں۔ کیا آپ یقین کریں گے کہ پیسہ پہلی پانچ اہم ترین چیزوں میں شامل ہی نہیں؟ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ہزاروں لوگوں نے ایک پرمسرت زندگی کے لئے جن دو چیزوں کو اہم ترین قرار دیا وہ نیند اور ازدواجی مسرت ہیں۔ پرسکون نیند اور اطمینان بخش ازدواجی تعلق کے بعد جن چیزوں کو پرمسرت زندگی کے لئے اہم ترین قرار دیا گیا وہ روزگار کا تحفظ، اہلخانہ کی صحت، اور دوستوں عزیزوں کے ساتھ میل جول ہے۔تو اگر آپ زندگی کی خوشیوں کے تعاقب میں سرپٹ دوڑتے رہنے کے باجود بھی خوش نہیں ہیں تو ذرا ٹھہر کر اس بات پر بھی غور کر لیجئے کہ کہیں اس بھاگ دوڑ میں آپ ان دو اہم ترین باتوں کو نظر انداز تو نہیں کر رہے جو دراصل خوش رہنے کے لئے اہم ترین ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں