انڈر ٹیکر کی واپسی کی تصدیق

کیا آپ کے خیال میں لیجنڈ ریسلر انڈر ٹیکر ریٹائر ہوچکے ہیں؟ تو آپ کے اچھی خبر یہ ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای نے ان کی واپسی کی تصدیق کردی ہے۔
جی ہاں ڈبلیو ڈبلیو ای نے انڈر ٹیکر کی اپنے شو میں واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
رواں سال اپریل میں ریسل مینیا 33 میں رومن رینز کے ساتھ مقابلے کے بعد سے ڈبلیو ڈبلیو ای میں نظر نہیں آئے۔
ایسا مانا جارہا ہے کہ رومن رینز کے ہاتھوں شکست کے بعد انڈر ٹیکر ریٹائر ہوچکے ہیں تاہم اس کی باضابطہ تصدیق لیجنڈ ریسلر یا ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے کبھی نہیں کی گئی۔
اب ڈبلیو ڈبلیو ای نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال 22 جنوری کو را کے 25 سال مکمل ہونے پر منعقد ہونے والے خصوصی شو میں انڈر ٹیکر شرکت کریں گے۔
کمپنی کے مطابق نیویارک میں ہونے والے اس شو میں را اور اسمیک ڈاﺅن کے سپر اسٹارز کے ساتھ ساتھ لیجنڈز ریسلرز انڈر ٹیکر، شان مائیکل اور دیگر شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : انڈر ٹیکر آخری مقابلہ کس ریسلر سے چاہتے تھے؟
حالیہ مہینوں کے دوران ایسی افواہیں مسلسل سامنے آتی رہی ہیں کہ انڈر ٹیکر نے ابھی تک ریسلنگ کو چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس شو میں شرکت کیا ان کی رنگ میں واپسی کا باعث بنے گی یا نہیں۔
ویسے انڈر ٹیکر کا ابھی بھی ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ چار سال کا معاہدہ باقی ہے۔
واضح رہے کہ انڈر ٹیکر 1990 سے ڈبلیوڈبلیو ای کا حصہ بنے ہوئے ہیں جو مسلسل 21 سال تک ریسل مینیا میں ناقابل شکست رہے اور ان کا یہ تسلسل بروک لیسنر نے ریسل مینیا 30 (2014) میں توڑا تھا۔

loading...
>