دنیا کے خاتمے میں اب صرف 2 منٹ رہ گئے، سائنسدانوں نے اعلان کردیا، سب سے خطرناک خبر دے دی

دنیا کو لاحق خطرات کی بناءپر اس کے خاتمے کی وارننگ دینے والی علامتی گھڑی کا وقت سائنسدانوں نے آج کے دن مزید آدھا منٹ آگے کردیا ہے، یعنی اگر ہماری دنیا کی کل زندگی 24 گھنٹے تصور کی جائے تو اب اس میں سے صرف 2 منٹ ہی باقی بچے ہیں۔ اس علامتی گھڑی کی نگرانی کرنے والے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ایٹمی جنگ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانے میں ناکامی کی وجہ سے وقت آدھا منٹ آگے کیا گیا ہے۔
اس کلاک کے علامتی وقت کا انحصار دنیا کو لاحق خطرات پر ہوتا ہے ۔ خطرہ جتنا زیادہ ہوتا ہے اس کا وقت رات 12 بجے، جو کہ اختتامی وقت قرار دیا جاتا ہے، کے اتنا ہی قریب ہوتا چلا جاتا ہے۔ مختلف اوقات میں اس علامتی وقت میں تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں لیکن دوسری جنگ عظیم کے بعد اس وقت یہ سب سے زیادہ خطرہ ظاہر کررہا ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق تازہ ترین تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے نظریاتی فزکس کے ماہر لارنس کراس نے بتایا ”اس وقت دنیا کو لاحق خطرات میں صرف ایٹمی جنگ ہی شامل نہیں ہے بلکہ دیگر کئی طرح کے خطرات بھی ہمارے سر پر منڈلارہے ہیں۔ اس وقت دنیا بھر میں سیاسی اداروں پر اعتماد کم ہورہا ہے، میڈیا پر بھی غیر جانبدارانہ معلومات فراہم کرنے کی بجائے پراپیگنڈہ کا راج ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا خطرہ بھی پہلے سے کہیں زیادہ سنگین ہوچکا ہے ۔“
علامتی کلاک کا آغاز 1947ءمیں کیا گیا تھا اور دنیا بھر کے سینکڑوں سائنسدان اس کے انتظامی بورڈ میں شامل ہیں۔ بلٹن آف اٹامک سائنٹسٹ نامی ادارہ اس کلاک کا وقت طے کرنے کے لئے باقاعدگی سے ملاقاتیں کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں